نئی دہلی،18؍دسمبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس کے تنظیمی انتخابات میں صدرپراتفاق رائے پیداکرنے کی کوششیں بھی شروع ہوگئی ہیں۔کانگریس کی صدرسونیاگاندھی نے 19 دسمبر کو پارٹی کے اعلیٰ قائدین کی ایک اہم میٹنگ طلب کی ہے۔
سونیاگاندھی نے کانگریس میں ناراض سینئر رہنماؤں کو بھی اس اجلاس میں مدعو کیا ہے جنہوں نے حال ہی میں پارٹی میں مستقل صدر منتخب کرکے تنظیم میں تبدیلی کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک خط لکھا تھا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اس میٹنگ میں سونیا گاندھی پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے پارٹی کے نئے صدر کے انتخاب کے بارے میں تبادلہ خیال کرسکتی ہیں۔حال ہی میں کانگریس کے سینئر رہنما اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے کانگریس صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کی۔ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ کمل ناتھ نے مشترکہ طور پر کانگریس صدر کو مشورہ دیا کہ انہیں پارٹی کے ان سینئر قائدین سے ملنا چاہیے اوران کاغصہ دور کرناچاہیے کیونکہ یہ تمام پارٹی کے سینئر رہنما ہیں اور ان کااپناسیاسی قد ہے۔سونیا گاندھی کی رہائش گاہ، 10 جن پتھ پر ہفتے کے روز کانگریس کے سینئر قائدین کی ملاقات کو بہت اہم سمجھا جاتا ہے۔
کانگریس کے نئے صدرکاانتخاب جنوری کے آخر تک ہوناہے جس کی پارٹی کے بہت سے رہنماؤں نے عوامی طور پر تصدیق کردی ہے۔ ایسی صورتحال میں سونیاگاندھی نے اس اجلاس میں پارٹی سے ناراض کچھ سینئر رہنماؤں کو مدعو کیا ہے، جن سے ان کی ملاقات ہوگی تاکہ باہمی اختلافات مٹا کر پارٹی کو آگے بڑھایا جا سکے۔قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ راہل گاندھی کانگریس کے صدر کے عہدے کیلئے تیار نہیں ہوں گے۔ ایسی صورتحال میں گاندھی کنبہ کے ایک وفادار فرد کو صدر کی کرسی سونپی جانی چاہیے، اس میٹنگ میں بھی یہ بات کی جاسکتی ہے۔ سونیا گاندھی کے پولیٹیکل سکریٹری احمد پٹیل انتقال کر گئے ہیں۔ ایسی صورتحال میں سونیا گاندھی کوبھی اپنے ایک کمانڈر کا انتخاب کرنے کی ضرورت ہے، جو پارٹی کے سینئر اور نوجوان رہنماؤں کے مابین توازن پیدا کرسکے۔دراصل سونیا گاندھی کی عمر اور صحت کے پیش نظر پارٹی کے نئے صدر کا انتخاب کرنا پڑے گا۔ راہل گاندھی کے استعفیٰ کے بعدسونیاگاندھی نے دوسری بار پارٹی کی باگ ڈور سنبھالی ہے اور اب وہ اس حالت میں ہیں جہاں وہ گراؤنڈ پر کوئی فعال کردار ادا نہیں کرسکتیں۔ ایسی صورتحال میں پارٹی کو کل وقتی صدر کا انتخاب کرنا ہوگا۔